بھارت نے ٹی ٹوئنٹی یو اے ای منتقلی پر غور شروع کردیا

217

نئی دہلی(جسارت نیوز) بورڈ آف کنٹرول کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) مردوں کا رواں سال بھارت میں شیڈول 7واں آئی سی سی ٹی -20 ورلڈ کپ متبادل مقام کے طور پر یو اے ای میں کرانے پر غورشروع کر دیاہے۔بی سی سی آئی کے جنرل منیجر گیم ڈویلپمنٹ دھیرج ملہوترا کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے بھارت میں انعقاد کیلیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں لیکن عالمگیر کورونا وائرس کی وباء کی دوسری لہر نے پورے ملک کو اپنی لپٹ میں لیا ہوا ہے جس سے دن بدن بہت جانی نقصان ہورہا ہے۔ دھیرج ملہوترا نے کہا کہ اس حوالے سے آئی سی سی کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔ دھیرج ملہوترا نے کہا کہ آئی سی سی کیساتھ بات چیت میں ایونٹ کے بھارت میں انعقاد کیساتھ بدترین صورتحال سمیت تمام آپشنز پر غور کیا جارہا ہے۔ ایک سوال پر ملہوترا نے کہا کہ اگر ورلڈ کپ کو بھارت سے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو مقابلوں کا یو ای اے میں انعقاد ہوگا۔واضح رہے کہ اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے عبوری چیف ایگیزیکٹیو آفیسر (سی ای او) نے کہا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ آئی سی سی مینز ٹی-20ورلڈکپ کا ساتواں ایڈیشن منصوبہ بندی کے مطابق بھارت میں ہی ہو گالیکن اگر ایسا ممکن نہ ہوسکا تو ہمارے پاس متبادل پلان بھی موجود ہیں۔