جیکب آباد:فلٹر پلانٹ سے پانی چوری ہونے کا انکشاف

170

جیکب آباد(نمائندہ جسارت)جیکب آباد میںواٹر فلٹر پلانٹ لائبریرین انچارج کے حوالے کر دیا گیا ،شہرکو پانی سپلائی دس روز سے بند ،فلٹر پلانٹ سے پانی چوری ہونے کا انکشاف ،ٹینکر مافیا شہر میں فروخت کرنے لگی ،پانی منصوبے کو تباہ کیا جا رہا ہے ،یو ایس ایڈ حکام نوٹس لیں،حماد اللہ انصاری۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے اربوں روپے کی لاگت سے بنے فراہمی آب کے منصوبے کو تباہ کرنے کی سازش کی جا رہی ہے بلدیہ کی جانب سے فلٹر پلانٹ کے انچارج کی اضافی ذمے داری گدائی لائبریری کے لائبریرین کو دی گئی ہے ،جن کی من مانی کی شکایات ملی ہیں،فلٹر پلانٹ سے شہریوں کو دس روز سے پانی کی فراہمی کی بندش کی وجہ سے شہر میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے جبکہ فلٹر پلانٹ سے پانی چوری ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے پانی چوری کرکے ٹینکر مافیا کو رشوت لے کر دیا جا رہا ہے جو شہر میں مہنگے داموں پانی فروخت کررہے ہیں جبکہ فلٹر پلانٹ سے پانی کی فراہمی سے جیکب آباد کے شہری محروم ہیں ۔ اس سلسلے میں سٹی فورم کے چیئرمین حما داللہ انصاری کا کہنا تھاکہ فلٹر پلانٹ انچارج پانی چوری کرکے ٹینکر مافیا کو فروخت کررہا ہے اور شہریوں کو اس شدید گرمی میں پانی کی بوند بوند کو ترسایا جا رہا ہے جو کہ قابل افسوس ہے ،بلدیہ کی جانب سے پانی منصوبے کو بلدیہ نان ٹیکنیکل افراد مقرر کرکے تباہ کیا جا رہا ہے یہ یو ایس ایڈ کے اربوں روپے ضائع کرنے اور شہریوں کو پینے کے صاف پانی سے محروم کرنے کی ایک اور سازش ہے جس کا یو ایس ایڈ حکام نوٹس لیں،پانی منصوبے کا چلانے کے لیے واٹر بورڈ تشکیل دیا جائے بلدیہ پہلے ہی ایف ڈبلیو او کے بنائے گئے بہترین پانی منصوبے کو برباد کر چکا ہے۔