قوم پیپسی کمپنی کی تمام مصنوعات کا بائیکاٹ کرے،این ایل ایف

104

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)نیشنل لیبر فیڈڑیشن سندھ کے سیکرٹری شکیل احمد شیخ، انفارمیشن سیکرٹری محمد احسن شیخ ، حیدرآباد زون کے سیکرٹری اعجاز حسین اور دیگر نے ایام رمضان اور ایام عید کے دوران مقبوضہ فلسطین بالخصوص بیت المقدس میں اسرائیلی جارحیت اور درندگی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسلمہ عالمی اصولوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے چیپٹر 7کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے ان رہنمائوں نے کہا کے عالمیطور پر یہ طے شدہ اصول ہے کہ کسی بھی مذہب کے مذہبی مقدس ایام اور تہواروں پر حالت جنگ میں بھی عارضی جنگ بندی کردی جاتی ہے اور ان علاقوں میں مقیم افراد کو اپنے مذہبی عقائد کے مطابق عبادت کرنے کا حق دیا جاتا ہے اسی طرح اقوام متحدہ کے چارٹر کے چیپٹر 7 میں بھی ایسے ہی ایام کے تقدس کو مد نظر رکھتے ہوئے علاقے کے مکینوں کو عبادت کے لیے درکار پر امن ماحول فراہم کیا جانا ضروری ہے لیکن اسرائیل کی نا جائز ریاست دنیا کے کسی اصول اور ضابطہ کو ماننے کے لیے تیار نہیں رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں جب بیت المقدس کے مکینوں نے قبلہ اول میں نماز اور شب داریوں کی کوشش کی تو اسرائیلی افواج نے درندگی کا مظاہرہ اور قبلہ اول کا تقدس پامال کرتے ہوئے عبادت میں مصروف مسلمانوں پر بیمانہ تشددکرتے ہوئے بڑی تعداد میں بچوں سمیت مسلمانوں کو شدید زخمی کیا اور اس کے بعد ہوائی حملوں کا سلسلہ شروع کردیا جس سے سیکڑوں کی تعداد میں مسلمان مرد عورتیں اور بچے شہید ہو چکے ہیں لیکن اقوام عالم کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے ۔ان رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان کے22کروڑ عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں خصوصاً محنت کش طبقہ اپنے فلسطینی بھائیوں کا درد محسوس کر رہا ہے اور شدیدکرب کے عالم میں ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ محنت کش اپنے بھائیوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں ۔ رہنمائوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینی مسلمانوں کی مدد کے لیے فنڈ قائم کیا جائے اور قانونی ترامیم کرتے ہوئے یہودی مالکان کی کمپنیوں کی اشیا کی پاکستان میں فروخت ممنوع قرار دی جائے۔ رہنمائوں نے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ پیپسی کمپنی کی تمام مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔