فلسطین مارچ سے اسرائیلی و امریکی ظلم دنیا کے سامنے لائیں گے، اسامہ رضی

241

کراچی (پ ر)نائب امیر جماعت اسلامی کراچی اسامہ رضی خان نے کہا ہے کہ فلسطین مارچ میں نوجوانوں اور فیملیز کوبڑی تعداد میں شریک کرایا جائیگا۔کراچی نے ہمیشہ امت مسلمہ کی قیادت کی ہے، مسلم حکمرانوں کی بے حسی کا شعور عوام کو پہنچانا ضروری ہوگیاہے۔شرمناک بات ہے کہ ایٹمی قوت اور بڑے میزائل رکھنے والے ممالک بھی فلسطین کے لیے زبانی احتجاج پر اکتفا کر رہے ہیں۔اس بات کا اظہار انہوں نے فلسطین مارچ کے حوالے سے منعقدہ جماعت اسلامی ضلع وسطی کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سب جان چکے ہیں کہ اسرائیلی بربریت کی پشت پناہی امریکہ کر رہا ہے ، عوام کو اپنے امریکہ نواز حکمرانوں سے جان چھڑانی ہوگی جو پوری قوم کو غلام بنانے پر تلے ہیں ۔امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی سید وجیہہ حسن نے فلسطین مارچ کی منصوبہ بندی کے بارے میں کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر پورے ملک کے ساتھ جمعہ کو ضلع کی تمام مسجد پر ہر نماز کے بعد احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور فلسطین فنڈ جمع کیا جائیگا۔پبلسٹی وین ہر گلی محلہ میں فلسطین مارچ کی دعوت پہنچائیگی۔ نوجوانوں تک خصوصی طور پر دعوت پہنچائی جائے گی اور مارچ میں آن لائن شرکت کی بھی سہولت دی جائے گی۔