خرم شیر کی قیادت میں وفد کی کمشنر کراچی سے ملاقات

137

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کی قیادت میں وفد نے کمشنر کراچی نوید احمد شیخ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سیما ضیاء ، پی ٹی آئی رہنما فراز لاکھانی اور سمیر میر شیخ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں کورونا ایس او پیز، جرائم، مصنوعی مہنگائی سے متعلق انتظامیہ کی کارکردگی کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے شہر میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے حوالے سے کمشنر کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ شہر میں ڈپٹی کمشنر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہے۔ مصنوعی مہنگائی سے متعلق انتظامیہ کے اقدامات غیر تسلی بخش ہیں، عوام مصنوعی مہنگائی کے بوجھ تلے پس رہے ہیں۔ عوام کو ریلیف دینا شہری انتظامیہ کی ذمے داری ہے۔ شہر میں امن و امان کی صورتحال دن پر دن بگڑتی جارہی ہے۔ بحیثیت عوامی نمائندے ہماری ذمے داری ہے کہ شہر میں جاری لوٹ مار کیخلاف آواز بلند کریں۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ہم نے گزشتہ روز اے آئی جی کراچی، ڈی جی رینجرز سندھ اور اب کمشنر کراچی سے ملاقات کی ہے۔ اس صوبے کے حکمرانوں کو عوام سے کوئی غرض نہیں ہے۔ آصف زرداری کے ساتھ نالائقوں کا ٹولا ہے، ان کا مقصد عوام کو ریلیف دینا نہیں ہے۔پیپلز پارٹی ایسا ظاہر کررہی ہے جیسے وزیراعظم سندھ میں مہنگائی کے ذمے دار ہیں۔ دالیں، سبزیاں، دودھ،گوشت کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا کمشنر کا کام ہے۔ کمشنر نے دودھ کے جو نرخ جاری کیے ہیں اس پر عملدرآمد نہیں ہورہا۔ کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنرز وزیراعظم عمران خان کی نفرت میں مصنوعی مہنگائی پیدا کررہے ہیں۔