شہید کانسٹیبل نعمان شاہ کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈکوارٹر میں ادا

132

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس کے شہید کانسٹیبل سید نعمان شاہ کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈ کوارٹر میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی سمیت سینئر پولیس افسران اور اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شہید کانسٹیبل نعمان کو خراج عقیدت پیش کیا، ان کا کہنا تھاکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام، دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلیے اب تک کراچی پولیس کے سیکڑوں افسران و جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔شہر میں قیام امن کیلیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوان محکمے کا فخر ہیں۔شہید کانسٹیبل کی عمر 31 سال اور وہ تھانہ سکھن میں تعینات تھا، شہید نے سوگواروں میں بیوہ اور تین کم سن بیٹے چھوڑے ہیں۔ پولیس کانسٹیبل سید نعمان شاہ 2017ء میں بھرتی ہوا تھا۔