محکمہ موسمیات ،ریڈکریسنٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پردستخط

130

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ موسمیات پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل محمد ریاض نے گزشتہ روز کراچی میں پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کے صوبائی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور نئے قائم شدہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر(ای او سی) کے کاموں اور افادیت کی تعریف کی ہے۔ اس دورے کا مقصد محکمہ موسمیات پاکستان اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کے درمیان موسم کی پیش گوئیوں اور خطرات سے متعلق ابتدائی انتباہ کے بارے میں معلومات کو عام کرنے پر باہمی تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔اجلاس میں دونوں اداروں کے سربراہان نے اس تعاون کو مستحکم کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل پی ایم ڈی محمد ریاض نے اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کو موسم کی پیش گوئیوں اور خطرات سے متعلق ابتدائی انتباہ کے بارے میں معلومات کو فراہم کرنے میں تعاون کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ موسمیات پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کو اپنے عملے اور رضاکاروں کے لیے موسم کی نگرانی اور پیش گوئی سے متعلق اصطلاحات کو سمجھنے کے لیے مختلف تربیتی ورکشاپس کے انعقاد میں بھی معاونت کرے گا۔ انہوں نے ہر طرح کا تعاون کرنے کی پیش کش کی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے قبل عوام کو موسم سے متعلق مفید معلومات فراہم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔