رافیل نڈال نے 10 ویں مرتبہ اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

524
روم: رافیل نڈال اٹالین اوپن ٹینس کا ٹائٹل جیتنے کے بعد کپ کو ہاتھ میں لیے پوز دیتے ہوئے

روم(جسارت نیوز) شہرہ آفاق ہسپانوی ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ رافیل نڈال نے مینز سنگلز فائنل میچ میں عالمی نمبر ایک اور سربین دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ کو ہرا کر سب سے زیادہ 10 ویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔فورو اٹالیکو ا سپورٹس کمپلیکس، روم میں مینز سنگلز مقابلوں کے فائنل میں عالمی نمبر ایک سربیا کے نوویک جوکووچ کا مقابلہ ہسپانوی ٹینس اسٹار اور سابق عالمی نمبر ایک رافیل نڈال سے تھا ۔دونوں کھلاڑیوں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا ، تاہم رافیل نڈال نے دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ کو شکست دے کر10ویں مرتبہ ٹائٹل جیت لیا۔ رافیل نڈال کی فتح کا اسکور 5-7، 6-1 اور 3-6 تھا۔ اس سے قبل ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں عالمی نمبر 2 اسپین کے 34سالہ رافیل نڈال نے امریکا کے ریلی اوپیلکا کو ا سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ واضح رہے کہ رافیل نڈال کو سب سے زیادہ 10 مرتبہ اٹالین اوپن ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔34 سالہ نڈال نے کہا ہے کہ ا ب وہ 30 مئی کو فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دفاع کے لئے فرانس میں میدان میں اتریںگے ۔ نڈال نے کہا ہے کہ اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں کامیابی کا فائدہ ان کو فرنچ اوپن ٹینس میں ضرور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی اس کامیابی پر بہت خوش ہیں ۔