جوبائیڈن نے اسرائیل کی حمایت کرکے اپنے ہاتھ فلسطینیوں کے خون سے رنگ لئے، ترک صدر

449

انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ جو بائیڈن نے اسرائیل کی حمایت کرکے اپنے ہاتھ فلسطینیوں کے خون سے رنگ لئے ہیں۔

ترک صدر رجب طیب ایردوان نے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی کی منظوری دینے پر امریکی صدر جو بائیڈن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، انہوں نے کہا کہ ہوئے جو بائیڈن نے اسرائیل کی حمایت کرکے اپنے ہاتھ فلسطینیوں کے خون سے رنگ لئے ہیں، جو بائیڈن اپنے خون آلود ہاتھوں سے تاریخ رقم کررہے ہیں اور ہم اب مزید خاموش نہیں رہ سکتے۔

ترک صدر نے کہا کہ امریکی صدر نے اسلحہ ڈیل پر دستخط کیے ہیں جب کہ فلسطینی علاقوں میں ظلم و ستم جاری ہے اور خون بہایا جارہا ہے، اور امریکا اس کی حمایت کررہا ہے۔

خیال رہے کہ بائیڈن انتظامیہ نے اسرائیل کو 735 ملین ڈالرز کا اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

طیب اردوان نے کہا کہ ترکی کی ساڑھے آٹھ کروڑ عوام القدس کے دفاع کا تہیہ کیے ہوئے ہے، انہوں نے کہا کہ یروشلم کا کنٹرول  تین آسمانی مذاہب کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیشن کے حوالے کردیا جائے جس سے قیام امن میں مدد ملے گی۔