“اسلامی ممالک اسرائیل کے خلاف واضح لائحہ عمل کا اعلان کریں”

358

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ اسلامی ممالک ناجائز اسرائیل ریاست کے خلاف واضح لائحہ عمل کا اعلان کریں، جماعت اسلامی اور دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں نے فیصلہ کیاہے کہ وہ نہتے فلسطینی مسلمانوں کی بھر پور مدد جاری رکھیں گے۔

 تیمرہ گرہ دیر پائن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے سعودی عرب ، ایران ، ترکی اور پاکستان کے حکمرانوں سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ غزہ میں محصور لاکھوں بچوں اور بچیوں کی بلبلاہٹ کو سنیں جو آسمان کی طرف منہ کر کے امت مسلمہ کو مدد کے لیے پکا ررہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی مسلسل کئی روز سے دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں سے رابطہ میں ہے، اس سلسلے میں جماعت اسلامی نے ایک آن لائن اجلاس بھی منعقد کیا جس میں 23 تنظیموں کے 222 مندوبین نے شرکت کی ۔

انہوں نے مزید کہاکہ اجلاس میں شریک حماس کے رہنماﺅں اسماعیل ہانیہ اور خالد مشعل نے شرکاءکو غزہ کی تفصیلی صورتحال سے آگاہ کیا،اسرائیلی دہشت گردوں کی ظالمانہ کاروائیوں کے نتیجہ میں محصور فلسطینی علاقہ میں ہزاروں کی تعداد میں بچے ، خواتین ، بزرگ اور نوجوان زخمی پڑے ہیں ۔

سرا ج الحق کا مزید کہنا تھا کہ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فلسطین کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کے لیے عالم اسلام کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ کیا جائے گا ،اسرائیل اور انڈیا نے مل کر فلسطینیوں اور کشمیریوں کی مکمل نسل کشی کا فیصلہ کیاہواہے ۔ اس صورتحال میں اسلامی ممالک کو مزید خاموش نہیں رہنا چاہیے ۔