محکمہ موسمیات اورریڈ کریسنٹ کا موسم کی پیشن گوئیوں کے حوالے سےباہمی تعاون پراتفاق

362

کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ موسمیات پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل محمد ریاض نے 18 مئی کو کراچی میں پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کے صوبائی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور نئے قائم شدہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر (ای او سی) کے کاموں اور افادیت کی تعریف کی ہے۔

اس دورے کا مقصد محکمہ موسمیات پاکستان اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کے درمیان موسم کی پیشن گوئیوں اور خطرات سے متعلق ابتدائی انتباہ کے بارے میں معلومات کو عام کرنے پر باہمی تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔اجلاس میں دونوں اداروں کے سربراہان نے اس تعاون کو مستحکم کرنے کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ایم ڈی محمد ریاض نے اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کو موسم کی پیشن گوئیوں اور خطرات سے متعلق ابتدائی انتباہ کے بارے میں معلومات کو فراہم کرنے میں تعاون کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ موسمیات پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کو اپنے عملے اور رضاکاروں کے لیے موسم کی نگرانی اور پیش گوئی سے متعلق اصطلاحات کو سمجھنے کے لئے مختلف تربیتی ورکشاپس کے انعقاد میں بھی معاونت کرے گا۔

انہوں نے ہر طرح کے تعاون کرنے کی پیش کش کی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے قبل عوام کو موسم سے متعلق مفید معلومات فراہم کرنے کے لئے مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ شہناز ایس حامد نے کہا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ کے پاس اسلام آباد سے کراچی تک اور کراچی سے لے کر سندھ کے ہر ضلع اور یہاں تک کہ کمیونٹی کی سطح تک مضبوط لاجسٹک اور مواصلاتی چینل موجود ہے جو کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فعال ہوکر اپنا کام سرانجام دیتا ہے۔

شہناز حامد کا مزید کہنا تھا کہ ہنگامی صورتحال اور آفات کے دوران انسانیت کی خدمت کرنا پاکستان ریڈ کریسنٹ مرکزی مینڈیٹ ہے لیکن اس کے ساتھ پاکستان ریڈ کریسنٹ ضلع اور گاوٗں کی سطح پر کمیونٹیزکی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے تربیت فراہم کر رہا ہے تاکہ ہنگامی حالات مین لوگ مستحکم طریقے سے آفات کا مقابلہ کرسکے۔

محکمہ موسمیات اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کا تعاون عوام کے لئے ہر سطح پر مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ موسمیات کی فراہم کردہ تربیت سے موسم اور پیشگوئی کی اصطلاحات کو سمجھنے میں مدد ملے گی ، جس سے ریڈ کریسنٹ کے عملے کو عوام میں بروقت آگاہی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔کنور وسیم صوبائی سیکرٹری پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ نے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل کو ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے کردار اور سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا ، جو اس کے باضابطہ افتتاح کے بعد شروع کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہنگامی ردعمل کے طریقہ کار کو مستحکم کرنے کے لئے پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ نے پہلے ہی تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرزبشمول فلاحی اور حکومتی اداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیے ہیں۔

صوبائی سیکرٹری نے مزید کہا کہ ہمارا ایمرجنسی آپریشن سنٹر ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں کراچی میں تمام فلاحی تنظیمیں ، سرکاری محکمے آفاتوں سے نمٹنے اور متاثرہ افراد کو زیادہ موثر مدد فراہم کرنے کے لئے مل کر کام کر سکتی ہیں۔صوبائی سیکرٹری نے بتایا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ کی سندھ برانچ نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سسٹم پر ایک موبائل ایپلی کیشن تیارکی ہے جس کے ذریعے ایمرجنسی کی صورت میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے مابین روابط قائم کیا جاسکتا ہے اور واقعے سے متعلق معلومات کا تبادلہ کیا جاسکتا ہے۔

اجلاس میں پاکستان محکمہ موسمیات کے محکمہ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ سردار سرفراز اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کے عملے نے شرکت کی۔

اجلاس کی اختتامی تقریب میں چیئرمین شہناز حامد نے ڈی جی پی ایم ڈی محمد ریاض کے نتیجہ خیز اور شانداردورے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کی جانب سے تحائف پیش کیں۔