شادی ہال نہ کھولنے پر گورنرہاؤس اوراسد عمر کے گھر کا گھیراؤ کریں گے۔ کیٹرز اینڈ ڈیکوریٹرز ایسوسی ایشن

406

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان کیٹرز اینڈ ڈیکوریٹرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ اگر این سی او سی نے شادی ہالز کھولنے کی اجازت نہ دی تو ہم کراچی میں گورنر ہاؤس اور اسد عمر کے گھر کا گھیراؤ کریں گے جبکہ شادی ہالز کے سامنے کی سڑکوں کو بھی بلاک کریں گے۔آل پاکستان کیٹرز اینڈ ڈیکوریٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین قیص منصور شیخ اور صدر راؤ وقاص نے دیگر عہدیداران کے ساتھ منگل کو کراچی پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این سی او سی نے ہماری صنعت کے علاوہ تمام انڈسٹری کو کھول دیا ہے اورآج تک ہمارے علاوہ تمام صنعتیں کھلی ہوئی ہیں۔جو صنعتیں کھولی ہیں وہ ایس او پیز پر عملدر آمدنہیں کررہی ہیں،ہم پر اپنے مزدوروں کا بہت دباؤ ہے،اگر این سی او سی نے اپنے بدھ کے اجلاس میں شادی ہالز کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا تو گورنر ہاؤس اور اسد عمر کے گھر کا گھیراؤ کرینگے اورشاہراہ فیصل سمیت جہاں جہاں شادی ہالز ہیں وہاں سڑکیں بلاک کریں گے اور احتجاج کرینگے۔