بھارت میں سمندری طوفان تاؤتے نے تباہی مچادی، 27 افراد ہلاک

740

نئی دہلی: بھارت میں سمندری طوفان تاؤتے کی تباہ کاریاں جاری ہیں، سمندری طوفان تاؤتے کے باعث بھارت میں مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 27 ہوگئی ہے، جبکہ لاکھوں افراد گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان تاؤتے بھارتی ریاست گجرات کے ساحلوں سے ٹکرا گیا، سمندری طوفان کی وجہ سے 190 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، طوفان کے باعث سڑکیں تباہ ہو گئیں، درخت اکھڑ گئے، سیکڑوں گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ طوفان سے 16 ہزار سے زائد مکانات تباہ ہوگئے، جبکہ گلیاں دریا بن گئیں۔

دیگر ریاستوں کیرالہ، گوا اور مہاراشٹرا میں بھی طوفانی ہواؤں سے گھروں کی چھتیں اڑگئیں۔

دوسری جانب طوفان کے باعث ساحلی شہر ممبئی میں بحری جہاز سمندر برد ہوگیا، جس کے نتیجے میں جہاز پر موجود سینکڑوں افراد لاپتہ ہوگئے۔ جہاز میں سوار 273 میں سے 177 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا تاہم 96 مسافر اب بھی لاپتہ ہیں۔