کراچی میں گردوغبار کا طوفان، مختلف علاقوں میں ہلکی بارش

467

کراچی: شہر قائد میں شدید گرمی کے بعد آج گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں جب کہ مختلف علاقوں میں بارش بھی  ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے گرمی کا زور ڑوٹ گیا ہےاور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ 3 روز سے شدید گرمی کا سلسلہ جاری ہے تاہم آج دوپہر اچانک شہر کے مختلف علاقوں میں کالی گھٹائیں چھاگئی اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا جب کہ کچھ ہی دیر بعد بارش شروع ہوگئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نادرن بائی پاس سے متصل علاقوں میں تیز جب کہ گلشن اقبال، آئی آئی چند ریگر روڈ، کیماڑی سمیت دیگر علاقوں میں ہلکی بارش شروع ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمال مشرق سے ہوائیں چل رہی ہیں اور شہر کے شمالی حصے میں بادل بن رہے ہیں۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق سائیکلون سے متعلق الرٹ میں  آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا، دو تین گھنٹے میں کراچی سے بادل گزر جائیں گے ۔

سردار سرفراز کا کہنا ہےکہ کراچی میں گرمی کی شدت میں کل سے کمی آجائے گی، کراچی میں تیز بارش کا کوئی امکان نہیں، سمندری طوفان اور شہر  میں گرمی کی شدت کے  باعث بادل بنے ہیں۔