زبیر یوبی جی کے صدر منتخب ، ایس ایم منیر اور افتخار ملک کے استعفے نا منظور

246
یو بی جی کی مرکزی کورکمیٹی کے اجلاس میں سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اوردیگرممبران کا گروپ فوٹو

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے سب سے بڑی بڑی نمائندہ تنظیم یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کی مرکزی کور کمیٹی نے یو بی جی کے سیکرٹری جنرل اور سابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیرطفیل کو یونائٹیڈ بزنس گروپ کابلامقابلہ صدر منتخب کرلیاجبکہ ان کی جگہ اسلام آباد سے ظفر بختاوری کو یو بی جی کا سیکرٹری جنرل اورڈاکٹر مرزا اختیار بیگ کو سیکرٹری انفارمیشن منتخب کرلیا گیا۔گزشتہ روز لاہور میں یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اوربعد ازاں افتخار علی ملک کی رہائشگاہ پر ہونے والے یو بی جی کی مرکزی کورکمیٹی کے اجلاس میں ایس ایم منیر اورافتخار علی ملک نے کور کمیٹی ممبران کے سامنے اپنے اپنے استعفے دے دیے جس پر تمام کورکمیٹی کے تمام ممبران نے اتفاق رائے سے دونوں لیڈران کے استعفے مسترد کردیے اور کہا کہ یو بی جی کے لیے ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک لازم وملزوم ہیں اور وہ بدستور ہماری سرپرستی کرتے رہیں گے اوران کی مشاورت سے ہی یو بی جی نئی کامیابیاں حاصل کرے گا۔یو بی جی کی مرکزی کورکمیٹی کے اجلاس میں ایس ایم منیر،افتخار علی ملک، زبیرطفیل،ریاض الدین شیخ،میاں محمدادریس، خالد تواب،ظفربختاوری،ڈاکٹر اختیار بیگ،ڈاکٹرنعمان بٹ،ملک سہیل حسین،حاجی عرفان یوسف،سہیل الطاف، منظورالحق،نوراحمدخان،عامرعطا باجوہ، تنویر احمدشیخ،سلمان اسلم،حمیداخترچڈھا،رحمت اللہ جاوید، ایس ایم تنویر،رحمان چن،نوید بخاری، ممتاز شیخ،ثمینہ فاضل،حاجی افضل،پرویزلالہ، ضرار کلیم، محمدامجد چوہدری،غضنفربلور، اوردیگر تاجررہنما شریک تھے۔ممبران کورکمیٹی نے نئے عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔قیادت نے یو بی جی کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اہم فیصلے بھی کیے۔ اس موقع پر سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا کہ یو بی جی کا ہرممبر پاکستان بھر میں ایف پی سی سی آئی کے آئندہ انتخابات کے لیے بھرپور تیاریاں شروع کردے،ہم چور دروازوں سے فیڈریشن میں داخل ہونے والوں کو ناکوں چنے چبوادیں گے۔انہوں نے کہا کہ یو بی جی کا ہر ممبر اپنی اپنی ذمہ داریاں نبھائے اورہنگامی بنیادوں پر کام کرے،اب گروپ میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔