یو کے پاکستان بزنس ایوارڈ کی تقریب 4 جون کو اسلام آباد میں ہوگی

247

کراچی(اسٹاف رپورٹر) یو کے پاکستان بزنس کونسل پاکستان چیپٹر نے یو کے پاکستان بزنس ایوارڈ 2021 کی تقریب 4 جون کو اسلام آباد میں منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے یو کے پاکستان بزنس کونسل پاکستان چیپٹر کے صدر محمد خورشید برلاس نے بتایا کہ یوکے پاکستان بزنس ایوارڈ 2021 کی تقریب میں وفاقی وزرا، پاکستان میں مقیم غیر ملکی سفارت کار ،صنعت و تجارت کی بین الاقوامی شہرت یافتہ شخصیات، برطانیہ سے سرمایہ کار، اوورسیز پاکستانی اور کارپوریٹ سیکٹر کی مایہ ناز شخصیات شرکت کریں گی۔ خورشید برلاس کے مطابق ایوارڈ کی تقریب کے انتظامات شروع کردیے گئے ہیں اور یہ تقریب ملک میں کورونا کی وبا پر قابو پانے کی مثبت کوششوں کے بعد صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کا پیش خیمہ ثابت ہو گی ،ایوارڈ تقریب کے انعقاد کے لیے اعلی سطحی وفد سیکرٹری جنرل یو کے پاکستان بزنس کونسل کی قیادت میں ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہے اور اس مقصد کے لیے مختلف وفاقی وزراء اور اعلی حکومتی عہدیداران کے ساتھ ساتھ کارپوریٹ سیکٹر کی ممتاز شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے جنہوں نے یو کے پاکستان بزنس کونسل کی پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارتی تعاون کے فروغ اور پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے لیے پنسل کی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے ۔