اسرائیلی جارحیت کیخلاف گورنر پنجاب سفارتی محاذ پر متحرک

258

لاہور (صباح نیوز) فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف گور نر پنجاب چودھری محمدسرور بھی سفارتی محاذ پر متحرک ہو گئے۔گورنر پنجاب چودھری محمدسرور کے یورپی پار لیمنٹ کے نائب صدر ڈاکٹر فابیو کاسالڈو سمیت یورپی اور بر طانوی اراکین پار لیمنٹ سے ٹیلی فونک رابطے۔ڈاکٹر فابیو کاسالڈو نے فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی روکنے کے لیے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروادی۔ چودھری محمدسرور نے پاکستان میں فلسطین ،مصر اور مر اکش کے سفیروں سے بھی ملاقاتوں میں اسرائیلی دہشت گردی کی شدید مذمت اور شہدا کے لیے اظہار تعزیت کیا۔ تفصیلات کے مطابق گور نر پنجاب نے فلسطین میں جاری اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف یورپی اور بر طانوی اراکین پار لیمنٹ سے رابطوں کا آغاز کر دیا ہے جبکہ گور نر پنجاب نے پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد رافعی،مصر کے سفیرڈاکٹر طارق داہروگ اورمراکش کے سفیر محمد کرمون سے ملاقاتیں کیں اور فلسطین کی صورتحال پر سخت اظہار تشویش کیا ہے اور سفیروں کو یقین دہانی کروائی ہے کہ پاکستان فلسطینیوں کیساتھ کھڑا ہے جبکہ فلسطینی سفیر احمد رافعی نے کہا کہ پاکستان کی عوام کی حمایت فلسطینیوں کیلئے نہایت اہمیت رکھتی ہے۔