نہتے لوگوں کا قتل عالمی جنگی جرائم میں شامل ہے ،وکلا برادری

185

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف وکلاء برادری سراپا احتجاج، عدالتی امور کا بائیکاٹ، عالمی عدالت انصاف سے اسرائیلی جارحیت رکوانے کا مطالبہ۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حیدرآباد کی اپیل پر پیر کے روز وکلاء نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم احتجاج منایا اور وکلاء نے عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ بار حیدرآباد کے بار روم میں وکلاء کی جنرل باڈی کا اجلاس منعقد کیا گیا اور ڈسٹرکٹ کورٹ سے پریس کلب حیدرآباد تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر جنرل باڈی اور بعد ازاں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ بار حیدرآباد کے صدر آصف شیخ ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری عمران برانو ایڈووکیٹ، شاکر نواز شر ایڈووکیٹ، سلیمان سروری ایڈووکیٹ و دیگر نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت فلسطینی بچوں، عورتوں اور نہتے نوجوانوں کا قتل عالمی جنگی جرائم میں آتا ہے، عالمی اداروں کو فلسطینیوں کی نسل کشی اور اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسرائیل پر اقتصادی پابندیوں اور سوشل بائیکاٹ کا اعلان کرنا چاہیے۔ مقررین نے مزید کہا کہ بیت المقدس ہر مسلمان کو جان سے زیادہ عزیز اور مقدس ہے اور کوئی بھی مسلمان اس کی بے حرمتی ہر گز برداشت نہیں کرسکتا۔ ریلی میں شریک وکلاء اسرائیل مردہ باد اور اقوام متحدہ جواب دو خون کا حساب دو کے نعرے لگا رہے تھے اور ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔