اسرائیلی حملوں پر عالمی اداروں کی خاموشی شرمناک ہے، افضال آرائیں

129

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی میرپورخاص کے زیر اہتمام اہالیان میرپورخاص کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی افواج کی وحشیانہ بمباری اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی طاقتوں کی مجرمانہ خاموشی کیخلاف اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ و ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی مدینہ مسجد سے ہوتی ہوئی سبزی منڈی چوک پر ختم ہوئی۔ ریلی میں جماعت اسلامی، انجمن تاجران، آل سٹی تاجر اتحاد، سول سوسائٹی، روٹری کلب، جمعیت علماء پاکستان، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداران، شہریوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ محمد افضال آرائیں، حاجی نور الٰہی مغل، انیس الرحمن شیخ ، کامران میمن، رفیق لغاری، شیر محمد سولنگی، فیصل یوسفزئی، فیاض الحسن چشتی، شہزادو ملک، محمد بخش کپری اور رفیق چوہان سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس پر امریکی پشت پناہی پر غاصب صیہونی اسرائیلی افواج کی جانب سے دہشت گردانہ حملوں پر عالمی اداروں کی خاموشی شرمناک ہے۔ اسرائیل ایک ناجائز ریاست اور انسانیت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے، قبلہ اول پر حملہ 58 اسلامی ممالک کے حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ صیہونی افواج بیت المقدس، غزہ اور نہتے فلطینیوں پر مسلسل حملے کررہے ہیں اور اسلامی ممالک کی ہر صلاحیت سے بھرپور مسلح افواج بے حسی کی تصویر بنی ہوئی ہیں۔ مسجد اقصیٰ اور غزہ میں جنگی جرائم انتہا کو پہنچ گئے ہیں۔ اسرائیل کے ناسور کا خاتمہ عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے، مظلوم فلسطینیوں پر حملے بند نہ کیے گئے تو عالمی امن کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔ شرکاء نے وقفے وقفے سے اسرائیلی دہشت گردی کیخلاف شدید نعرہ بازی کی۔