جیکب آباد،اسرائیل کیخلاف وکلاء کا عدالتی امور کا بائیکاٹ

172

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف وکلاء کا احتجاج، عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ، وکیل کے گھر پر حملہ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جیکب آباد کی جانب سے بار کونسل کی کال پر عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کرکے اسرائیل کے مظلوم فلسطینیوں پر مظالم کیخلاف مظفر رند، زاہد سومرو، طاہر رند، عبدالجبار لاشاری کی قیادت میں سخت احتجاج کیا گیا۔ وکلاء نے اسرائیلی جارحیت کیخلاف نعرے بھی لگائے۔ اس موقع پر وکلاء نے عبدالرحمن پٹھان ایڈووکیٹ کے گھر پر حملہ کرنے والے بلو گینگ کے ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ رہنمائوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر حملہ قابل مذمت ہے، عالمی برادری فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرے۔ اس موقع پر وکلاء نے مزید کہا کہ جیکب آباد میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، شریف شہری اب محفوظ نہیں رہے، غنڈے تنگ کرتے ہیں، جس کی وجہ سے کئی لوگ جیکب آباد سے نقل مکانی کرچکے ہیں۔ شہر میں ہونے والی غنڈہ گردی کا نوٹس لیا جائے۔ وکیل پر حملے کا مقدمہ درج ہونے کے باوجود ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جارہا کیونکہ وہ بااثر ہیں، اس لیے پولیس کچھ کرنے کو تیار نہیں۔ جیکب آباد میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں رہی، شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ بعد ازاں وکلاء کا اجلاس ہوا جس میں وکیل عبدالرحمن پٹھان کے گھر پر حملے کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وکلاء نے کہا کہ نوجوان وکیل کے گھر پر حملہ کھلی دہشت گردی ہے با اثر ملزم عرض محمد جکھرانی اور دیگر کو پولیس گرفتار نہیں کر رہی ،پولیس بااثر کے سامنے بے بس ہے واضح رہے کہ تین روز قبل صوبائی مشیر کے عزیز عرض محمد نے ساتھیو ں سمیت معمولی با ت پر وکیل کے گھر پر حملہ کیا جس کا مقدمہ سٹی تھانے پر 13ملزمان کیخلاف درج کیا گیا ہے۔