بغیر کسی پارٹی وابستگی کے عوامی خدمت پر یقین کرنا ہوگا، امیر علی شاہ

184

عمرکوٹ (نمائندہ جسارت) عمرکوٹ میں امکانی سمندری طوفان ’’تاؤتے‘‘ کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر آفس میں رین ایمرجنسی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ایم پی اے سید امیرعلی شاہ نے کی۔ اجلاس میں پاک فوج، رینجرز کے افسران سمیت ضلع بھر کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سمندری طوفان سے متعلق تیاریوں کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر ندیم الرحمن میمن نے بریفنگ دی گئی، دس لاکھ سے زائد آبادی کو ممکنہ بارشوں کی تباہ کاریوں سے بچانے تیاریوں کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایم پی اے نے تمام محکموں سے باری باری تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ لی۔ ایم پی اے سید امیرعلی شاہ نے افسران کو تنبیہ کی کہ پچھلے سال سیلاب کی تباہ کاریوں میں جو کوتاہیاں ہوئیں اس کو دوبارہ برداشت نہیں کیا جائے، عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لایا جائے، بغیر کسی پارٹی وابستگی کے صرف عوامی خدمت پر یقین کرنا ہوگا۔ اجلاس میں شہریوں نے واپڈا، صحت، ریونیو، پبلک ہیلتھ اور میونسپل کمیٹی کیخلاف شکایتوں کے انبار لگا دیے۔ سید امیر علی شاہ نے تمام محکمہ کے افسران کو عوام کی شکایتوں کا فوری ازالہ کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اجلاس کے اختتام پرطوفان سے بچنے کے لیے دعا بھی مانگی گئی۔