وفاق پانی کا تنازع پیدا نہ کرے، معیشت تباہ ہوگی، شیری رحمان

128

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت پانی کا نیا تنازع پیدا نہ کرے، ارسا نے سندھ کے پانی کے حصے میں 15 سے 20 فیصد کمی کردی ہے، سندھ کا زراعت کا شعبہ مجموعی قومی زرعی پیداوار میں 23 فیصد حصہ ڈالتا ہے، سندھ کو پانی کے حصے سے محروم کرنے سے معیشت پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے، 1991ء کے پانی معاہدے کی کئی بار خلاف ورزی کی گئی، ہم اس اہم معاملے پر سینیٹ میں تحریک التوا جمع کرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی ہمیشہ پانی کی کمی کا بہانہ بنا کر سندھ کے حصے کا پانی کم کر دیتی ہے، گرمیوں کے موسم میں دریاؤں میں پانی کی کمی نہیں ہوتی، معاملہ پانی کی کمی کا نہیں تقسیم کا ہے، ارسا سے نہ صرف سندھ بلکہ بلوچستان کو بھی شکایت ہے، وفاقی حکومت پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائے۔