موجودہ مسلم حکمرانوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کریگی ‘ اسما سفیر

136

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ اسما سفیر نے کہا ہے کہ مسلم حکمرانوں نے قبل اوّل بیت المقدس کی پکار پر لبیک نہ کہا تو تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ قبلہ اوّل سے بے وفائی انہیں بہت مہنگی پڑے گی۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے عوام اور پوری امت مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے ، مسلم حکمران کو بیانات اور ٹوئٹ سے آگے بڑھنا ہو گا، مسلم ممالک کو غزہ کے شہریوں کی جان و مال عزت اور آبرو کے تحفظ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اور عملی اقدامات کرنے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اسلامیانِ پاکستان کے دلوں کی ترجمانی کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت اور درندگی کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے، سراج الحق کی اپیل پر جمعہ 21 مئی کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوںگے۔ انہوں نے اپیل کی کہ قوم فلسطینیوں کے حق کے لیے ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت کرکے اپنی ایمانی غیرت کا ثبوت دے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں روزانہ انسانی المیے جنم لے رہے ہیں، گونگی بہری تماشائی بنی عالمی برادری کو اس ظلم و درندگی کی قیمت چکانی ہوگی۔