عام آدمی سمجھ چکاہے، عمران خان کی تبدیلی ایک فراڈ تھا: بلاول بھٹو

327

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عام آدمی سمجھ چکا عمران خان کی تبدیلی ایک فراڈ تھا، عمران خان عام آدمی سے عید کی چھوٹی چھوٹی خوشیاں تک چھین چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے اپنے بیان میں پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مہنگائی قابو کرنے میں ناکام رہی، عید پر بھی عوام کو ریلیف نہ ملا، عام آدمی سمجھ چکا عمران خان کی تبدیلی ایک فراڈ تھا

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ عوام کو مہنگائی کے رحم و کرم پر چھوڑ کر وزیراعظم پابندی کے باوجود عید کی چھٹیاں منانے نتھیاگلی پہنچے، عمران خان  150 روپے فی کلو تک دودھ اور50 فیصد تک مہنگے میوہ جات خریدنے والا عام آدمی آپ کی حکومت سے بدظن ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  عوام کی عید پھیکی پڑگئی، گوشت کی قیمتوں میں 200 روپے فی کلو اضافہ جبکہ مرغی کے گوشت کی قیمت 600 روپے فی کلو تک پہنچ جانا عمران خان کی حکومت کی ناکامی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کاسمیٹکس اور جیولری کی اشیا کی قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافہ کر کے ایک عام گھرانے کو عید کی خوشیوں سے محروم کرنے کی کوشش کی جبکہ رمضان اور عید پر اعلانات کے باوجود عمران خان مہنگائی کے خاتمے کیلئے کچھ نہ کرسکے، عام دنوں میں عوام کا کیا حال کریں گے؟۔