“صیہونیوں کی جارحیت پر حکمران زبانی جمع خرچ سے کام نہ لیں”

329

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ غزہ میں صیہونیوں کی ننگی جارحیت پر مسلمان حکمران زبانی جمع خرچ سے کام نہ لیں، امت مسلمہ کو یک جان ہو کر ظالم کے خلاف کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ فلسطین میں وحشت و بربریت کا بدترین کھیل جاری ہے، مگر عالمی ضمیر خاموشی کی چادر تان کر سو رہا ہے، پاکستان کو آگے بڑھ کرکردار ادا کرنا چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  فلسطین و کشمیر میں ظلم کی سیاہ رات جلد ختم ہو گی، مجاہدوں اور آزادی کے متوالوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ جماعت اسلامی جمعہ 21مئی کو ملک کے طول عرض میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے لاکھوں پاکستانیوں کو اکٹھا کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ  امریکہ اور انڈیا کھل کر دہشت گرد اسرائیل کی حمایت کر رہے ہیں، مسلم ممالک کے حکمرانوں کو اپنے دوستوں اور دشمنوں کو پہچاننا چاہیے اور اپنے عوام کے جذبات کی ترجمانی کرنی چاہیے۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانیوں کے دل فلسطینیوں کے لیے دھڑکتے ہیں۔ قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ جماعت اسلامی کے فلسطینیوں کے لیے قائم کیے گئے فنڈ میں بھرپور حصہ ڈالیں۔

سراج الحق نے قوم سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کے روز فلسطینیوں کے حق میں نکالی جانے والی ریلیوں میں بھرپور شرکت کویقینی بنائیں،ریلیوں میں کرونا ایس او پیز کا خیال رکھا جائے۔