سعودی عرب نے سفری پابندیاں ختم کردیں

364

ریاض: سعودی عرب نے سفری پابندیاں ختم کردیں، سعودی شہری ہوابازی کے ادارے کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سفر کی بحالی کے چند گھنٹوں کے دوران ملک کے 9 ہوائی اڈوں سے 385 بین الاقوامی پروازیں روانہ ہوئی ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے تمام ایئرپورٹس، بندرگاہیں اور سرحدی چوکیاں سعودی شہریوں کے لیے کھول دی گئیں جبکہ ریاض کے کنگ خالد ایئر پورٹ سے پہلی پرواز بیرون ملک روانہ ہوگئی ہے ۔

محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں کہا ہے کہ وہی سعودی سفر کرسکیں گے جو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں جبکہ ایک خوراک لینے والے وہ افراد بھی سفر کرنے کے اہل ہیں جو پہلی خوراک لینے کے بعد چودہ دن گزار چکے ہوں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کو بھی سفر کی اجازت ہوگی جبکہ اٹھارہ برس سے کم عمر کے سعودی شہریوں کو سفر کی مشروط اجازت ہے۔

دوسری جانب  سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ بین الاقوامی فلائٹس ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی ہیں جہاں سے 225 پروازیں چلائی گئی ہیں جبکہ اس کے بعد جدہ کے شاہ عبدالعزیزانٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 75 اور دمام کے شاہ فہد ہوائی اڈے سے 66 پروازیں چلی ہیں۔

سول ایوی ایشن کا مزید کہنا ہےکہ کورونا کے پیش نظر بین الاقوامی سفر کے موقعے پر سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں اور  جہازوں میں کچھ نشستیں دوران پرواز ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مختص ہیں۔

سعودی وزارت داخلہ نے بھی غیرملکی مسافروں کے حوالے سے تمام ضروری ہدایات اور ایس او پیز جاری کردی ہیں۔

 ترجمان نے بتایا کہ ایئر پورٹس پر مسافروں کو خیر مقدم کرکے امیگریشن کے لیے بھیجا جائے گا جبکہ ویکسین لگوانے والوں کے کاونٹر الگ ہوں گے جبکہ شہری ہوابازی اور سفریات کے ماہر نواف الطحینی نے بتایا کہ بیشتر مسافر قاہرہ، دبئی، نیویارک او واشنگٹن جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر مسافر نہ صرف یہ کہ متعلقہ ملک بلکہ ہر فضائی کمپنی کی سفری شرائط سمجھ کرسفر کا آغاز کرنے کیونکہ ہر کمپنی کی پالیسی دوسری سے مختلف ہے۔