وزیراعظم کا اسرائیلی مظالم کیخلاف جمعہ کو یوم احتجاج منانے کا اعلان

290

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، حکومتی اقدامات کی وجہ سے معیشت بہتر ہورہی ہے، قانون کی حکمرانی اور احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف کے تمام کیسز اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سیاسی اور پارلیمانی امور میں حکومتی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا جس میں فلسطین کے معاملے اور غزہ پر اسرائیلی حملوں پر بھی بات چیت کی گئی۔

حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں حکومتی کارکردگی، معیشت کی صورتحال اور حالیہ دورہ سعودی عرب میں ہونے والے معاہدوں کا جائزہ لیا گیا۔ معاشی ٹیم نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کے باوجود ہمارے معاشی اعشاریے مثبت ہیں، برآمدات اور ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، اس وقت مہنگائی پوری دنیا کا مسئلہ ہے، جبکہ پاکستان میں مہنگائی دیگر ممالک کی نسبت کم ہے، خطے میں سب سے کم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پاکستان میں ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، حکومتی اقدامات کی وجہ سے معیشت بہتر ہورہی ہے، ملکی برآمدات 13.50 فیصد بڑھ گئی ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 10 ماہ سے سرپلس ہے، آئی ٹی ایکسپورٹس 44 فیصد، سیمنٹ کی فروخت 40 فیصد بڑھ گئی، ٹریکٹرز کی فروخت میں 58 فیصد اضافہ ہوا ہے، حکومتی اقدامات کی وجہ سے کسانوں کو 1100 ارب روپے زیادہ ملے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر مہنگائی کی وجہ سے پاکستان پر بھی اثرات پڑے ہیں، عالمی سطح پر خام تیل، پام آئل اور دیگر چیزیں مہنگی ہوئی ہیں، حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی پوری کوشش کررہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں کو معاشی میدان میں حکومتی کامیابیاں اجاگر کرنیکی ہدایت دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں، کسی سے ذاتی مسئلہ نہیں، قومی دولت لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑا جا سکتا، قانون کی حکمرانی کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے، ہماری 25 سالہ سیاسی جدوجہد انصاف اور قانون کی حکمرانی کی جدوجہد ہے، قانون کی حکمرانی اور احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

اسرائیلی مظالم کیخلاف یوم احتجاج کا اعلان

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ جمعہ کو اسرائیلی مظالم کے خلاف ملک بھر میں سرکاری سطح پر یوم احتجاج منانے کی تجویز پیش کی گئی۔ وزیراعظم نے جمعہ کو سرکاری طور پر یوم احتجاج منانے کے لیے تیاری کرنے کی ہدایت کی۔