امیر جماعت اسلامی کراچی کی وفد کے ہمراہ صدر پاکستان سے ملاقات

350

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کے زیر قیادت جماعت اسلامی کے وفد نے صدر پاکستان عارف علوی کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی ہے، جس میں کراچی کے مسائل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ حکومت فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف عملی اقدامات کرے، انہوں نے کہا کہ فلسطین میں مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی، غزہ پر بمباری کے نتیجے میں عورتوں و بچوں سمیت 180 سے زائد شہریوں کی شہادت اور میڈیا سینٹر پر بمباری بدترین ظلم ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت پیکیجز کے اعلانات کے بجائے جلد ترقیاتی کام کروائے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کے مسلسل بحران اور کے فور منصوبے پر کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہورہی، گزشتہ سال بارشوں میں کراچی کی تباہی کے بعد شہر کے انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے وفاقی حکومت فوری توجہ دے اور عملی اقدامات اٹھائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مردم شماری کے حوالے سے صدر مملکت سے تحفظات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ کراچی کی آبادی کو آدھا گننے اور جماعت اسلامی کے احتجاج کے باوجود 2017 کی متنازع مردم شماری کی منظوری دی گئی، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کی ایک اہم اسٹیک ہولڈر ہے، جماعت اسلامی جعلی مردم شماری قبول نہیں کرے گی۔

انہوں نے ملاقات میں پورے ملک میں یکساں نظام تعلیم اور اردو کو دفتری زبان بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔