حیدرآباد،یوتھ ایکشن کمیٹی کا بحریہ ٹائون سمیت دیگر سکیموں کیخلاف احتجاج

92

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) یوتھ ایکشن کمیٹی سندھ، مزدور مزاحمت اور سندھ سجاگ فورم کی جانب سے بحریہ ٹاؤن سمیت دیگر اسکیموں کیخلاف اولڈ کیمپس سے ریلی نکالی گئی، جو پریس کلب پہنچ کر ختم ہوئی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سندھو نواز گھانکرا، محب آزاد، مسرور شاہ، تاجو جویو، حمزہ علی چانڈیو، سارنگ جویو ودیگر نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن اور پیپلز پارٹی ایک مشترکہ منصوبے کے تحت سندھ میں ایک نیا اسرائیل بنانے کی سازش میں مصروف ہیں، ہر روز نئی پلاننگ کے ذریعے سندھ کی زمینوں پر قبضہ کرایا جارہا ہے اور پیپلز پارٹی زمین غیر قانونی طریقے سے غیر مقامی افراد کو فروخت کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 16 ہزار ایکڑ زمین پیپلز پارٹی کرچکی ہے، اس کو یہ حق کس نے دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی قانون کے مطابق یہ زمینیں یہاں صدیوں سے آباد لوگوں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو یتیم خانہ نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری، ملک ریاض اور کاروباری مافیا بحریہ ٹاؤن کو ایک خطرناک ہتھیار کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔ جاگیردار، سرمایہ دار مافیا کراچی سمیت سندھ کی زمینیں محکمہ ریونیو کے کرپٹ افسران کی مدد سے بلڈر مافیا کو دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم فلسطین میں اسرائیل کی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک ریاض کو گرفتار کرکے بحریہ ٹاؤن کا غیر قانونی قبضہ ختم کرایاجائے اور زمینیں مقامی افراد کے حوالے کی جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیاجائے۔