جھڈو ، عید کے تینوں دن محکمہ پبلک ہیلتھ کی غفلت سے پانی کا بحران

118

جھڈو (نمائندہ جسارت) جھڈو و گردونواح میں عید کے تینوں دن محکمہ پبلک ہیلتھ انتظامیہ کی نااہلی اور غفلت سے پانی کا بحران سنگین ہونے اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے، عید کے تینوں دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے وفاقی حکومت کے دعوے دھرے کے دھرے گئے۔ جھڈو و گردونواح کے درجنوں علاقوں میں لاک ڈاؤن کے دوران عیدالفطر کے موقع پر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پینے کے پانی کے سنگین بحران نے شدید گرمی میں شہریوں سے عید کی خوشیاں چھین لیں۔ گھروں میں عید کی تیاریوں میں مصروف خواتین کو بھی بجلی اور پانی کی قلت کی وجہ سے سخت پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب عید کے موقع پر بھی شہر کے اکثر علاقوں میں عوام پانی کے حصول کے لیے سخت گرمی میں سرگرداں رہے۔ پانی بحران اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کی عید کی تیاریاں شدید متاثر اور گرمی میں عوام کی زندگی عذاب بنادی، کئی علاقوں میں پینے اور نہانے کے لیے بھی پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے عید کے تینوں دن ملک بھر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے اعلان کے باوجود بھی جھڈوو گردونواح میں عیدالفطر کے تینوں دن بجلی کی گھنٹوں لوڈ شیڈنگ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا؛ جس سے شہریوں کی عید کی تیاریاں اور خوشیاں ماند پڑ گئیں۔ شہریوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ جھڈو و گردونواح میں عیدالفطر کے موقع پر بجلی اور پانی کے سنگین بحران اور حیسکو انتظامیہ اور محکمہ پبلک ہیلتھ انتظامیہ کی نااہلی کا نوٹس لیا جائے۔