وفاق ایک کروڑ ویکسین فراہم کرے،قیمت ادا کریں گے،سندھ حکومت

199

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ہمیں فوری طور پر ایک کروڑ ویکسین کی ضرورت ہے وفاقی حکومت ویکسین فراہم کرے ہم اسکی ادائیگی کرنے کے لیے تیار ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حکومت سندھ اور سوداگران دہلی ( کراچی) کے اشتراک سے ایچ وائی ہسپتال میں کورونا ویکسین سینٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں فری کورونا ویکسینیشن سینٹرز موجود ہیں۔اس سینٹر سے دہلی کالونی اور ملحقہ علاقوں کے لوگ مستفید ہو سکیں گے ہم سب کو ویکسین لگوانا چاہئے کیونکہ اسی میں سب کی بہتری ہے۔اس موقع پر جمعیت سوداگران دھلی (کراچی) کے صدر سلیم فاروقی بھی موجود تھے بیرسٹر مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ میں جمعیت سودگران اسپتال کی انتظامیہ کا شکر گزار ہوں جنھوں نے اس مشن کا ساتھ دیا۔میں سندھ حکومت کی جانب سے انتظامیہ سے تشکر کا اظہار کرتا ہوں جس طرح آپ نے ساتھ دیا اسطرح ہم ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے ہم ویکسین کی سپلائی جاری رکھیں گے ہمیں کورونا کی جنگ جیتنی ہے تو اس تاثر کو دور کرنا کہ یہ ویکسین خدانخواستہ نقصان دہ ہے۔ہر ڈاکٹر کہتا ہے کہ ویکسین لگانا ضروری ہے، احتیاط اور ویکسین یہی واحد راستہ ہے اس موذی وبا سے نمٹنے کا نوجوان اور بزرگوں کا شکر گزار ہوں انہوں نے کہا کہ ایکسٹرا زنیکا ویکسین اسپتال کے ایڈمنسٹریٹر کو لگائی گئی ہے ایکسٹرا زنیکا لگانے کے بارے میں جو رائے ہے وہ درست نہیں ہے خدارا لوگ افواہیں پھیلانے سے گریز کریں ہمیں ملکر اس وباسے خود بھی اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھنا ہے بیرسٹر مرتضی وہاب نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس عزم کے ساتھ ہم ماسک پہنیں گے اور ویکسین لگائیں گے جس کو سائنو فارم لگا ہے اس کودوسرا ڈوز بھی دیں گے اس لیے کچھ دنوں کے لیے سائنو فارم کو روکا گیا ہے تاکہ جنہیں پہلا ڈوز لگ چکا ہے انہیں دوسرا بھی لگایا جائے ایکسٹرا زنیکا اور سائنو فارم وافر مقدار میں ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ میں سمندری طوفان کا خطرہ ہے عوام احتیاط کریں اگلے چند دن بارشوں کے حوالے سے اہم ہیں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر طوفان کے حوالے سے سینٹرل کنٹرول سیل قائم کیا گیا ہے۔کنٹرول سیل 24 گھنٹے متوقع سائیکلون و رین ایمرجنسی کے متعلق آئی جی پولیس،رینجرز،محکمہ صحت،PDMA سمیت تمام کمشنر, ڈپٹی کمشنرز سے رابطے میں رہے گا اورعوام کے لیے بھی ضروری ہدایات بھی جاری کی جائینگی۔