شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی‘ حسین محنتی

126

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ اللہ کی راہ میں اپنی جان قربان کرنے کا بڑا اجر اور ثواب ہے،شہدا کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی،شہدا نے اللہ کی خوشنودی کے لیے جانیں قربان کی ہیں،شہدا کے مشن کی تکمیل ہم پر فرض ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی لانڈھی وملیرسے تعلق رکھنے والے شہدا شہید اسلم مجاہد، مرزا لقمان بیگ،جمال طاہر،رفیق تنولی، اویس قرنی اورشہید سرفراز فیاض کے گھروں پر شہدا کے لواحقین سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی اورشہداکے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔محمد حسین محنتی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہدا نے اپنا خون دے کر ملک وقوم پر بڑا احسان عظیم کیا ہے،وہ یقیناً جنت میںہوں گے،ہمار ی بھی آرزوہے کہ ہم بھی دین حق کی خاطر قربان ہو جائیں۔جماعت اسلامی شہدا کی وارث ہے، ہم ملک وقوم، دین اسلام اور پاکستان کی اساس اور نظریات کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔اس موقع پر جماعت اسلامی شعبہ امور کشمیر ضلع کورنگی کے ناظم میاں عبدالرحمن ودیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔