عالمی برادری پر تنازع فلسطین حل کرائے، عرب لیگ

264

قاہرہ(صباح نیوز)عرب لیگ نے عالمی برادری ،علاقائی تنظیموں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پرزور دیا ہے کہ وہ 1948ء سے جاری تنازعہ فلسطین کے حل کے لیے اپنی ذمے داری ادا کریں اور اسرائیلی حملوں کی روک تھام کیلئے فوری مداخلت کریں۔ قاہرہ سے جاری ایک بیان میں عرب لیگ نے اسرائیلی قابض حکام کو فلسطینی علاقوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اوربگڑتی ہوئی صورتحال کا ذمے دار ٹھہرایا ہے۔بیان میں عالمی فوجداری عدالت پر بھی زور دیاگیاہے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی فوری تحقیقات شروع کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور فلسطینی علاقوں میں قتل عام کے ذمے دار اسرائیلی عہدیداروں کو ان کے جنگی جرائم پر انصاف کے کٹہرے میں لائے۔