اسلام آباد: نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے سیاحت پر عائد پابندی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری پیغام میں بتایا گیا ہے کہ سیاحت پر پابندی تاحکم ثانی برقرار رہے گی جبکہ سیاحت پر پابندی سے متعلق جلد ضروری ہدایات بھی جاری کی جائیں گی۔
Ban on Tourism will continue till further notice. NCOC will issue necessary instructions accordingly.#StayHomeStaySafe
— NFRCC (@NFRCCofficial) May 16, 2021
واضح رہے کہ کورونا ایس او پیز کے تناظر میں عید الفطر کے دوران سیاحتی مقامات پر جانے کی پابندی عائد کی تھی اور حکومت کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندی کا اطلاق مقامی اور غیر ملکی سیاحوں پر ہونا تھا۔
نوٹی فکیشن میں بتایا گیا تھا کہ مقامی اور ملکی افراد پر سیاحتی مقامات پر 8 سے 16 مئی تک کورونا ایس او پیز کے تناظر میں پابندی عائد ہوگی۔
دوسری جانب ملک میں کورونا وبا کی پھیلاؤ کے باعث این سی او سی نے تعلیمی اداروں کی بندش میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں تعلیمی اداروں کو 23 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع وبا کے پھیلاؤ کی شرح کے باعث کی گئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق تعلیمی اداروں کی بندش کے فیصلے پر نظر ثانی 18 مئی کو ہوگی، اس سے قبل این سی او سی نے تعلیمی ادارے 17 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
خیال رہے ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 19 ہزار 617 ہو گئی ہے جبکہ کُل کورونا مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 80 ہزار 362 ہو چکی ہے۔