سندھ کے حصے کا پانی مسلسل روکا جارہا ہے، بلاول بھٹو

269

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ رمضان کے بعد عید پر بھی سندھ کے حصے کا پانی مسلسل روکا جارہا ہے، جان بوجھ کر سندھ میں پانی کا بحران پیدا کرنے والی پی ٹی آئی حکومت اپنی سفاکیت پر نتائج کی ذمہ دار خود ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں پانی کی منصفانہ تقسیم میں ناکامی پر وفاقی حکومت پر تنقید کی ہے، بلاول بھٹو نے کہا ہےکہ سندھ کے حصے کا پانی روکے جانے کی وجہ سے کراچی کے لئے پانی کی ترسیل انتہائی کم ہوچکی ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ ٹھٹھہ، بدین، سجاول اور تھرپارکر کو بھی پانی کی کمی کا سامنا ہے، عمران خان پانی روک کر سندھ کی زمینوں کو بنجر کرنے کی کوششوں کا سلسلہ بند کریں۔

انہوں نے کہاکہ دیگر صوبے سندھ کی پیروی کریں کہ جہاں کی حکومت نے موجودہ قلت کے باوجود گڈو بیراج سے بلوچستان کو پانی کی ترسیل میں کوئی کمی نہیں کی۔

بلاول نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان سمیت پورے پاکستان کو طے شدہ فارمولے کے تحت پانی ملنا ان کا حق ہے، ملک کے کسی بھی صوبے کی اگر پانی کے معاملے میں حق تلفی کی گئی تو میں آواز اٹھاتا رہوں گا۔

انہوں نے کہاکہ ملک کو پہلے ہی کپاس کی فصل میں کمی کا سامنا ہے، ایسے میں بوائی کے موقع پر سندھ کا پانی بند کرنا ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے بھی تباہ کن ہوگا۔

واضح رہے پیپلزپارٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سندھ پنجاب سرحد پر دھرنے کا اعلان کردیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ صوبہ پنجاب سندھ کے حصے کا پانی چوری کررہا ہے اور پانی چوری بند نہ ہونے پر احتجاجاً دھرنا دیا جائے گا جبکہ سندھ اسمبلی میں پنجاب اور وفاقی حکومت کے اس عمل کے خلاف قراداد بھی لائیں گے۔

دوسری جانب سہیل انور سیال نے کہا کہ سندھ کے لیے پانی ضروری ہے، چشمہ لنک کینال سمیت دیگر معاملات کی وجہ سے سندھ میں پانی کی کمی ہے، سندھ کی حق تلفی نہ ہو ہم سندھ کا کیس سب کے سامنے رکھ رہے ہیں، ہم پنجاب کا حق بھی لینا نہیں چاہتے لیکن سندھ کا حق بھی نہیں چھوڑیں گے، ہم سندھ کے پانی کے لیے پنجاب بارڈر پر دھرنا دیں گے، ہم پنجاب اور وفاق کو متنبہ کررہے ہیں کہ سندھ کا بنجر بنانے کا خیال چھوڑ دیں۔