غداری کے فتوے بانٹنے والوں پر کوئی یقین کرنے کو تیار نہیں، مریم نواز

292

شیخوپورہ: مسلم لیگ (ن)کی مرکزی نائب صدر مریم نوازشریف کا کہنا ہے کہ اگر قانون، آئین اور حق کی بات کرنے والا غدار ہے تو پھر پورا پاکستان غدار ہے، جاوید لطیف نے سچ پر ڈٹ کر نوازشریف اور پاکستان کی مٹی کا حق ادا کردیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی پارٹی رہنما اور چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات میاں محمد جاوید لطیف کے گھر تشریف لائیں، جہاں انہوں نے انکی والدہ و دیگر اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اہلخانہ کی حوصلہ مندی کو سراہا۔

مریم نواز نے میاں محمد جاوید لطیف ایم این اے کے اہلخانہ سے ملاقات کے بعد رہائشگاہ کے باہر جمع ہونے والے پارٹی کارکنوں اور تاجر برادری سے خطاب بھی کیا جس میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایم این اے میاں محمد جاوید لطیف ایک محب وطن شہری ہیں، انہیں نواز شریف سے محبت کی سزا دی جارہی، نیازی حکومت جو مرضی کرلے یہ ہمیں ڈرا دھمکا نہیں سکتے، ہم انشائاللہ سرخرو ہوں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر آئین اور حق سچ کی بات کرنا غداری ہے تو یہ غداری بار بار کریں گے، غداری غداری کا کھیل بہت برسوں سے سنتے آرہے ہیں، نواز شریف کے شیر اور پاکستان کے بیٹے جاوید لطیف نے خطرہ مول لے کر حق کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ غداری کا لقب جاوید لطیف کو نہیں شیخوپورہ کے عوام کو دیا گیا، غداری کا لقب نواز شریف اور مریم نواز کے حصے میں بھی آیا تھا، وقت بدل رہا ہے، لوگوں نے ڈرنا چھوڑ دیا ہے، آج لوگوں کو پتا چل گیا ہے کہ ان کا حق کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمہارے غداری کے فتوے پر کوئی یقین کرنے کو تیارنہیں ہے، اگر جاوید لطیف کو غدار کہا تو ہم سب غدار ہیں، جنہیں تم غداری کے فتوے بانٹ رہے ہو تاریخ انہیں ہیرو کے طور پر یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ہتھکنڈے مسلم لیگ ن کو کمزور کرنے کیلئے ہیں، خصوصی طور مسلم لیگ کے لوگوں اور قیادت کے خلاف کاروائیاں کر رہے ہیں، شہباز شریف کو دوسری مرتبہ جیل میں ڈالا اور سات ماہ بعد ان کی ضمانت ہوئی، ہائیکورٹ لاہور کے تین رکنی بینچ نے ان کے کیس بلکل ہی ختم کر دیئے،تمام الزامات کو رد کر دیا اپنی ججمنٹ میں کہ ان کے خلاف کو ئی ثبوت نہیں ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے ملک و تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، کل بھی نواز لیگ نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالا اور اب بھی نواز لیگ کی قیادت ہی پاکستان کی ترقی و خوشحالی یقینی بناسکتی ہے جلد نواز لیگ کا دور آئے گا اور نواز شریف کی پالیسیوں کے تحت ملک دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا ۔