او آئی سی اجلاس: “عالمی برادری غزہ پر اسرائیلی حملے رکوانے میں کردار ادا کرے”

439

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، عالمی برادری غزہ پر اسرائیلی حملے رکوانے میں کردار ادا کرے۔

سعودی عرب کی میزبانی میں غزہ کی کشیدہ صورتحال پر مسلم ممالک کی تعاون تنظیم او آئی سی کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔

ہنگامی اجلاس میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم، القدس شریف اور مسجد الاقصیٰ کی بےحرمتی کے معاملے پر غور کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوجی نہتے فلسطینیوں کے خلاف جارحیت کر رہی ہے، فلسطینیوں پر مظالم انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان فلسطین اور اس کے عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ پاکستان فلسطینیوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے، پاکستان فلسطین کے دور ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  غزہ پر اسرائیلی بمباری سے بے گناہ فلسطینی شہید ہو رہے ہیں۔ اسرائیل کی غزہ میں میڈیا ہاؤسز پر بمباری ناقابل قبول ہے۔

اجلاس میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آبادیوں میں توسیع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ  فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے، عالمی برادری فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا غیرقانونی استعمال رکوائے، غزہ پر بمباری فوری طور پر رکوائی جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے۔