اسرائیلی فضائیہ نے غزہ میں 11 منزلہ انٹرنیشنل میڈیا ہاؤس تباہ کردیا

255

مقبوضہ بیت القدس: اسرائیل نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہاجر کیمپ کے بعد غزہ کی دوسری بلند ترین عمارت کو نشانہ بنایا جس کےنتیجے میں پوری عمارت زمین بوس ہوگئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے فلسطینوں پر جاری مظالم کی کوریج کو روکنے کے لیے انٹرنیشنل میڈیا ہاؤسز کو عمارت خالی کرنے کی وارننگ دی اور چند منٹوں بعد اسے راکٹ حملے کا نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔ اسرائیل کی جانب سے صحافیوں کو کوریج کیلئے ضروری سامان اٹھانے کی بھی اجازت نہ دی، عمارت میں معروف قطری چینل الجزیرہ، ایسوسی ایٹڈ پریس سمیت کئی میڈیا دفاتر تھے جب کہ کئی صحافی یہاں رہائش بھی اختیار کیئے ہوئے تھے۔

اسرائیلی فضائیہ نے الجلا ٹاور پر 4 میزائل داغے، برج الجلا غزہ کی پٹی کی دوسری بلند ترین عمارت ہے۔

قبل ازیں اسرائیلی بمباری کے آج مسلسل چھٹے روز پناہ گزینوں کے کیمپ کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 7 بچوں اور 2 خواتین سمیت 11 افراد نے جام شہادت نوش کیا جبکہ متعدد افراد ملبے تلے دب گئے جنہیں نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

خیال رہے کہ 5 روز سے جاری حملوں میں فلسطینی شہدا کی تعداد 140 ہوگئی ہے جن میں 36 بچے شامل ہیں۔ 920 فلسطینی زخمی ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے اور شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

اسرائیلی جارحیت کے باعث غزہ میں گھر اور رہائشی عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں اور 10 ہزار افراد اقوام متحدہ کے مہاجر کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔