عالمی سطح پر زکوۃ حاصل کرکے ساتویں ایٹمی طاقت کی توہین کی گئی، احسن اقبال

356

شیخوپورہ: پاکستان مسلم لیگ( ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر زکو ۃحاصل کرکے ساتویں ایٹمی طاقت کی توہین کی گئی ہے۔

احسن اقبال نے شیخوپورہ میں مسلم لیگ (ن)کے گرفتار ایم این اے میاں جاوید لطیف کی رہائش گاہ پر جاکر ان کے اہلِ خانہ سے اظہار یکجہتی کیا، اہل خانہ سے ملاقات کے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں جاوید لطیف کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جارہا ہے، جبر اور ظلم کی حکومت زیادہ دیر نہیں چلے گی، یہ حکومت قومی اداروں پر حملہ آور ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کے پاس شہباز شریف کو روکنے کا کوئی جواز نہیں ، عدالتی فیصلوں کی بے توقیری ہو رہی ہے، حکومت سپریم کورٹ کے فیصلوں کو بھی اہمیت نہیں دے رہی، حکومت ڈکٹیٹر شپ قائم کرنا چاہتی ہے، پاکستان کو اس حکومت سے آزاد کرائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ترقی کی شرح 5 اعشاریہ 8 فیصد تھی، اب زکوۃ اور فطرانے سے ترقی بنائی جا رہی ہے، عالمی سطح پر زکوۃ حاصل کرکے ساتویں ایٹمی طاقت کی توہین کی گئی، پاکستان خوددار اور باوقار ریاست ہے، زکوۃ و فطرانے کی تشہیر کرکے مذاق بنایا گیا۔

احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ پگڑیاں اچھالنا اور چندہ خیرات اکٹھا کرنا حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے، عطیے کی ویکسین کا سہارا لیکر قوم کو کورونا کے رحم کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔