پاکستانی عوام کی سیکیورٹی، سیفٹی اور فلاح ہماری ذمہ داری ہے، آرمی چیف

448
(File Photo)

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام کی سیکیورٹی، سیفٹی اور فلاح ہماری ذمہ داری ہے، پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترنے کیلیے ہر اقدام کرے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور گزشتہ روز جوانوں کے ہمراہ نماز عید الفطر ادا کی اور پاکستان کی خوشحالی اور امن کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول پر تعینات جوانوں اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے ان کے جذبے، لگن اور پیشہ ورانہ تیاریوں کو سراہا ، آرمی چیف نے کورونا روک تھام میں سول انتظامیہ سے فارمیشن کے تعاون کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف کی کورونا کی روک تھام کیلیے کوششوں میں ہر ممکن احتیاط کی ہدایت کی اور کہا کہ پاکستانی عوام کی سیکیورٹی، سیفٹی اور فلاح ہماری ذمہ داری ہے، پاک فوج قوم کی توقعات پرپورا اترنے کیلئے ہر اقدام کرے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لائن آف کنٹرول کے دورے پر آرمی چیف نے ملک کیلئے قربانیاں دینے والے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ بطور سولجر فرض کی انجام دہی پر فخر ہے۔

افسران اور جوانوں سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر کشمیریوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے، اب وقت آگیا ہے کہ اس انسانی المیے کا خاتمہ ہو اور مسئلہ کشمیر عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری حل ہو جبکہ لائن آف کنٹرول پہنچنے پر کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔