مسئلہ فلسطین: او آئی سی کا 15مئی کو ہنگامی اجلاس طلب

517

ریاض: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے فلسطین میں جاری مظالم پر اتوار 15 مئی کے روز ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق  سعودی عرب کی درخواست پراو آئی سی نے اتوار کے روز ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں تمام ممالک کے اراکین کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

او آئی سی کی جانب سے طلب کیے جانے والے ہنگامی اجلاس میں اسرائیلی بربریت اور فلسطین کی صورت حال پر غور کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ جمعۃ الوداع کے روز سے اسرائیلی فوج فلسطینیوں میں ظلم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے، اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ میں نماز ادائیگی کے لیے جمع ہونے والے نمازیوں کو منتشر کرنے کے لیے بھرپور طاقت کا مظاہرہ کیا جس میں بچوں اور خواتین شہید سمیت درجنوں زخمی اور گرفتار بھی ہوئے۔

خیال رہے اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی میں واقع القدس اور شیخ جراح میں فلسطینی شہری آبادی پر فضائی بمباری کی جبکہ گزشتہ چار روز میں اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 84 ہوگئی، جن میں 17 بچے اور 8 خواتین بھی شامل ہیں۔

اسرائیلی فورسز کے حملوں میں پانچ سو سے زائد فلسطینی زخمی بھی ہوئے جن میں سے درجنوں کی حالت تشویشناک ہے۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ میں بینکوں ، گھروں اور بلند و بالا عمارتوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ عید کے روز بھی اسرائیلی فورسز نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے رہائشی آبادی پر وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے۔