ملک کے کئی علاقوں میں دوسرے روز بھی نماز عید کے اجتماعات

665

کراچی، گوجرانوالہ اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک کے کئی علاقوں میں آج دوسرے روز بھی نمازِ عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق، کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 13 میں واقع جامعہ مسجد فاروق اعظم میں صبح 6 بجکر 45 منٹ پر نمازِ عید ادا کی گئی جس میں 40 سے 50 نمازی شریک تھے۔ اطلاع ملنے پر پولیس بھی وہاں پہنچ گئی لیکن مسجد میں موجود افراد نے گیٹ بند کرکے پولیس اور میڈیا نمائندوں کو مسجد میں داخل ہونے سے روک دیا۔

ڈی آئی خان کے گاؤں بدنی خیل اور کتی خیل میں بھی کل روزہ رکھا گیا اور آج عید منائی جا رہی ہے، دونوں گاؤں کی مساجد میں نماز عید ادا کی گئی اور لوگوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد بھی دی۔

دوسری جانب گوجرانوالہ میں بھی 21 سے زائد مقامات پر آج عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی، گوجرانوالہ کے محلہ اسلام آباد روڈھے والی مسجد، کلرآبادی، کھیالی، سنی رضوی مسجد میں بھی آج عید کی نماز ادا کی گئی۔

علامہ داؤد رضوی نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان ماننے سے انکارکردیا تھا جبکہ مذکورہ مساجد کے علاوہ شہرکی درجنوں مساجد میں بھی معتکفین نے یہ اعلان نہ مانتے ہوئے 30 روزے پورے کیے اور کل مغرب کے وقت اعتکاف مکمل کرکے مساجد سے باہر نکلے۔

نمازیوں کا کہنا تھا کہ 29 رمضان کا چاند متنازعہ تھا، انہیں اس چاند کے ہونے پر یقین نہیں تھا اسی لیے انہوں نے اپنے 30 روزے مکمل کیے اور آج جمعہ کو عیدالفطر منائی ہے۔