مسئلہ کشمیر اور فلسطین دونوں حل طلب ہیں: وزیر خارجہ

440

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ فلسطین کی موجودہ صورتِ حال پر آج ترک ہم منصب سے بات کروں گا۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سلامتی کونسل میں بھی مسئلہ فلسطین کو اجاگر کیا گیا، مسئلہ کشمیر اور فلسطین دونوں حل طلب ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی قیادت کے ساتھ بھی بات کی، پاکستان کا فلسطین کے حوالے سے واضح مؤقف ہے۔ 27 رمضان کو قبلہ اول پر بےدردی سے چڑھائی کی گئی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہا ہے، فلسطینیوں کو ان کی اپنی سرزمین سے بےدخل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، وزیراعظم کی ترک صدر سے فلسطین کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔ مجھے وزیراعظم کا ترک وزیر خارجہ کے ساتھ رابطے کا پیغام ملا، فلسطین کی صورتحال پر آج ترک ہم منصب سے بات کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن عمل آگے بڑھ رہا ہے، عالمی برادری نے افغان امن میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی، پاک ایران تعلقات میں بہتری اور گرم جوشی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ عید کے دوران قوم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہے، احتیاطی تدابیر کے ذریعے کورونا پر قابو پایا جاسکتا ہے، بھارت میں لاکھوں افراد روزانہ کورونا سے متاثر ہو رہے ہیں، پوری قوم کورونا کے چیلنج سے نبردآزما ہے۔