عید الفطر: قوم ایس او پیز پر مکمل عمل کرے: وزیراعظم عمران خان

371

وزیراعظم عمران خان نے قوم کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی کورونا وائرس سے بچاؤ کی ایس او پیز پر مکمل طریقے سے عمل پیرا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اہل وطن اور ملت اسلامیہ کو عیدالفطر مبارک ہو، اللہ تعالیٰ ہمارے روزے اور عبادات قبول فرمائے، رمضان میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں صبر و شکر کی عملی تربیت سے گزارا۔

عمران خان نے کہا کہ اس کا مقصد دوسروں کی تکالیف، بھوک، پریشانی کا احساس پیدا کرنا ہے، احساس ہی انسانی معاشرے کی اصل طاقت اور پہچان ہے، یہی ریاست مدینہ کا خاصہ تھا جو ہمارا رول ماڈل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ پورا سال اس جذبے کو ساتھ لے کر چلیں، معاشرے کو انسان دوست بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، ہم اس وقت کورونا کی تیسری لہر سے نبردآزما ہیں، قوم کورونا ایس او پیز پر مکمل طریقے سے عمل پیرا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کی وجہ سے مشکلات کا شکار لوگوں کا بھی خیال رکھیں، اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو آفات سے محفوظ رکھے، آمین، عید کے موقع پر ہماری دعائیں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔