قبلہ اول کی آزادی کیلیے پاک فوج اسرائیل سے جنگ کا اعلان کرے،جماعت اسلامی

122

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی یوتھ ضلع حیدرآباد کے تحت فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے حید ر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاجی مظاہرے میں ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ عبدالوحید قریشی، امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان ، نائب امیر عبدالقیوم شیخ ، جنرل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ ، جے آئی یوتھ ضلع حیدرآبادکے صدر راحیل قریشی ، جنرل سیکرٹری عرفان قائمخانی، جمعیت طلبہ عربیہ کے مہتم سکندر علی بلیدی اور اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم معاذ عبداللہ بھی موجود تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ عبدالوحید قریشی نے کہا کہ پاک فوج ا سرائیل سے جنگ کا اعلان کرے، قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی مسلم امہ کے ہر فرد کی ذمے داری ہے۔ کشمیر اورفلسطین پر جبری قبضہ اور مسلمانوں کا قتل عام انسانیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس اور کشمیر کی آزادی کیلےے عالم اسلام کے حکمرانوں کو متحد ہو کر قلیدی کردار ادا کرناچاہیے۔ جماعت اسلامی القدس کے معصوم نمازیوں پر ظلم یہودی اسرائیلی فوج کے حملے کی شدید مذمت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اسرائیلی پولیس کی حالیہ کارروائیوں کا سخت نوٹس لیں اور قبلہ اول اور کشمیر کی آزادی کیلےے اپنی مجرمانہ خاموشی توڑیں۔ امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا کہ اسرائیل کی فلسطین پر وحشیانہ بمباری سرا سر ظلم کی انتہا ہے ، امت مسلمہ امریکی مظالم کاشکار ہے۔ امریکہ عالم اسلام کے خلاف ہر جگہ جارحیت کی پشت پناہی کررہاہے لیکن موجودہ حکمرانوں کی طرف سے معصوم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیل کی مذمت کے لیے کوئی خاص جوش و جذبہ سامنے نہیں آیا جس کی بڑی وجہ امریکی خوف اور غلامانہ ذہنیت ہے جبکہ پاکستانی حکمران امریکی خوف سے کانپتے ہوئے لبوں کو سی کر بیٹھے ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان دشمن سے جہاد کے لیے تےار ہوجائیں تاکہ فلسطےن اور کشمےر کو آزاد کرایا جاسکے۔جے آئی یوتھ ضلع حیدرآباد کے صدر راحیل قریشی نے کہا کہ امریکا کی منافقت نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیاہے اور حالات بڑی تیزی سے عالمی جنگ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔