اسلام آباد، پی پی رہنمائوں کی فلسطینی سفارتخانے آمد، اسرائیلی مظالم کی مذمت

181

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اور پیپلز پارٹی کی طرف سے اسرائیلی بربریت کے خلاف فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی خاطر پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف اسلام آباد میں فلسطینی سفارتخانے پہنچے، نیر بخاری اور راجا پرویز اشرف کی فلسطینی سفیر سے ملاقات میں پیپلزپارٹی  کی طرف سے فلسطینی عوام کی مکمل حمایت اور اظہار یکجہتی کا اظہار کیا گیا، سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نیر بخاری نے فلسطینی سفیر سے گفتگو میں کہا کہ پیپلزپارٹی اور پاکستانی عوام مشکل کی اس گھڑی میں فلسطین کے
ساتھ کھڑی ہے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت اور تشدد کو روکنے کے لیے عالمی برادری کو متحرک ہونا چاہیے، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اسرائیلی مظالم رکوانے کے لئے دباؤ بڑھائیں ۔نیر بخاری نے کہا کہ فلسطینیوں پر جاری ظلم پر عالمی برادری کی خاموشی قابل تشویش ہے فلسطینیوں پر تشدد کو فوری روکا جائے۔ سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلزپارٹی فلسطین کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، سفارتی رابطوں کے ذریعے فلسطین کے معاملے پر اجاگر کرتی رہے گی، پیپلزپارٹی فلسطین میں اسرائیل کے جاری ظلم کا معاملہ پارلیمان میں اٹھائے گی۔