اسرائیل کی کارروائیوں پر مسلم ممالک کی خاموشی افسوسناک ہے

132

جھڈو (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ ن سندھ کے صوبائی نائب صدر چودھری سجاد احمد، ضلعی نائب صدر فاروق ذوالفقار، جماعت اسلامی ضلع میرپور خاص کے امیر افضال احمد آ رائیں، جنرل سیکرٹری محمد راشد آرائیں، شیعہ علماء کونسل میرپور خاص ڈویژن کے صدر ذوالفقار علی شاہ رضوی،ایڈوائزر لالا غلام رسول پٹھان،شیعہ علماء کونسل تعلقہ جھڈو کے رہنمائوں مولانا ضمیرعباس لغاری، علی احمد رند ،گل محمد کھوسہ، سیدتنویرعباس نقوی اور محمد حنیف رند نے نہتے فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت اور میزائل حملوں، انسانیت سوز مظالم، مسجد اقصیٰ اور فلسطینی مسلمانوں پر نماز کے دوران حملے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فضائی حملوں میں 500 سے زائد افراد کے شدید زخمی اور سیکڑوں مرد ،خواتین اور بچوں کو شہید کرنے کی اسرائیل کی مجرمانہ کارروائیوں پر مسلم ممالک کی جانب سے مکمل خاموشی انتہائی افسوسناک اور خطرناک ہے۔ انہوں نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مظلوم اور نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں اور سیکڑوں فلسطینیوں کی شہادت پر اسرائیلی قابض افواج کی مجرمانہ کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم پر عالم اسلام کے عیاش اور امریکا نواز حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی مسلمانوں کے لیے لمحہ فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے موجودہ حالات پر حکمرانوں، تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، سیاستدانوں، اپوزیشن رہنماؤں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد ہو کر اسرائیل کو بھرپور جواب دینا چاہیے اور فلسطین کی موجودہ صورتحال پر اسلامی ممالک کی تنظیم اوآئی سی کو ایک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور فلسطینی مظلوم عوام پر اسرائیلی مظالم کیخلاف بھرپور احتجاج کے لیے اپنا مرکزی کردار ادا کرنا چاہیے۔