طالبان نے کابل کے قریب ایک اور ضلع کا کنٹرول حاصل کرلیا،جنرل باجوہ سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات

459

کابل/راولپنڈی (صباح نیوز+این این آئی)طالبان نے عید الفطر پر 3روزہ جنگ بندی شروع ہونے کے محض ایک روز قبل افغان دارالحکومت کابل کے قریب ایک ضلع کا کنٹرول حاصل کرلیا۔برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق طالبان نے خلافِ توقع حملہ کرکے صوبہ وردک کے ضلع نیرخ پر قبضہ کرلیا۔خیال رہے کہ نیرخ ایک ہفتہ کے بعد دوسرا ضلع ہے جس پر طالبان نے کنٹرول سنبھال لیا۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ صوبہ وردک کے نیرخ کا ضلعی مرکز، پولیس ہیڈ کوارٹر، محکمہ انٹیلی جنس اور ایک بڑے فوجی اڈہ پر کنٹرول حاصل کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کے بہت سے فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔صوبے کے گورنر عبدالرحمن طارق نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس ضلع پر قبضہ کرلیا گیا ہے۔افغان وزارت دفاع نے کہا کہ وہ ضلع کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے جارحانہ اقدام اٹھائیں گے۔علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ناظم الاموراینجلا ایگلر نے ملاقات جس میں افغانستان اورخطے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون،کرونا کیخلاف جنگ، افغان امن عمل پر بھی گفتگوکی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل باجوہ نے تمام شعبوں میں پاک امریکا تعلقات کے فروغ کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے افغان امن عمل کے لیے مخلصانہ تعاون کیا ہے ،مستحکم اور پرامن افغانستان خطے بالخصوص پاکستان کے مفاد میں ہے۔امریکی ناظم الامور نے باہمی تعلقات کے فروغ کا اعادہ کیا کرتے ہوئے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔