غزہ فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں،عمران خان ۔پاکستان کا اقوام متحدہ او آئی سی کا فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ

639

اسلام آباد/ملتان(نمائندہ جسارت+اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور اس کے نتیجے میں درجنوں بے گناہ فلسطینیوں کی شہادت پر وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹ کی ہے، جس میں انہوں نے وی اسٹینڈ ود غزہ (ہم غزہ کے ساتھ ہیں) اور وی اسٹینڈ ود فلسطین (ہم فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں) کے ہیش ٹیک کو استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ میں پاکستان کا وزیر اعظم ہوں اور ہم فلسطین اور غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے معروف امریکی دانشور نوم چومسکی کا ایک مقولہ بھی شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے ایک فلسطینی کا موقف اس طرح بیان کیا ہے کہ ’ تم میرا پانی لے لو، میرے زیتون کے درختوں تباہ کر دو، میرا گھر جلا دو، مجھے نوکری سے نکال دو، میری زمین چوری کر لو، میرے والد کو قید میں ڈال دو اور میری والدہ کو قتل کر دو، میرے ملک پر بمباری کرو، ہمیں تباہ کر دو لیکن یہ سب کرنے کے بعد بھیالزام تو مجھ پر ہی لگے گا کہ میں نے ایک راکٹ فائر کیاہے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فلسطین میں اسرائیل کے ظالمانہ حملوں پر شدید تشویش پائی جاتی ہے، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کو انسانی حقوق کی پامالی پر فوری طور پر اجلاس بلاناچاہیے۔ سیکرٹر ی جنرل او آئی سی سے فلسطین کی صورتحال پر بات چیت کی گئی ہے،او آئی سی کو بھی فلسطین کے مسئلہ پر فوری اجلاس بلاناچاہیے، تمام مسلم ممالک فلسطین کے لیے آواز اٹھائیں گے تو اس سے فرق پڑے گا،صرف جلوس نکالنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، تمام مسلم ممالک کو یکجا ہونا پڑے گا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کو ملتان میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ فلسطین کے حوالے سے سعودی عرب نے بھی پوری طرح مذمت کی ہے،مسئلہ فلسطین پر پاکستان مسلم ممالک کے ساتھ کھڑاہے، ترکی اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ سے بھی اس حوالے سے گفتگو ہوئی۔ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب کے دورے سے مخالفین کی امیدوں پر پانی پھر گیا، کچھ عناصر سعودی عرب سے تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں،وزیراعظم کے حالیہ دورے سے خلیج پیدا کرنے والوں کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی۔