شمالی وزیرستان میں بدھ کو عید منائی گئی ،پاکستان سمیت عرب و مغربی ریاستوں میں آج عید ہوگی

512

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزادکی صدارت میں منعقد ہوا، چیئر مین رویت ہلال کمیٹی نے ملک بھر سے شوال کے چاند کی موصول ہونے والی شہادتوں کی روشنی میں آج (جمعرات 13 مئی کو) عید الفطر منانے کا اعلان کردیا۔کمیٹی کا اجلاس رات گئے تک جاری رہا ، طویل اجلاس کے بعد کمیٹی نے اتفاق کیا کہ چاند کی شہادتیں درست ہیں۔ اس سے قبل پشاور کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کئی مقامات سے شہادتوں کی وصولی کا دعویٰ کرکے عیدالفطر کا اعلان کردیا تھا ، کچھ دیر بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد نے کمیٹی کے دیگر ارکان کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے موصول شدہ شہادتوں کو قبول کرکے ملک بھر میں آج یکم شوال عید الفطر کا اعلان کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ چمن، قلعہ سیف اللہ، پسنی، پشاور اور سندھ سے شہادتیں موصول ہوئیں جس کے بعد اتفاق سے طے پایا کہ یکم شوال المکرم 1442 ہجری 13 مئی 2021ء بروز جمعرات کو ہوگی اور عیدالفطر کا دن ہوگا۔ واضح رہے کہ عرب ممالک اور مغربی ریاستوں میں بھی آج عید الفطر منائی جارہی ہے ۔اس طرح ایک عرصے بعد دنیا بھر میں ایک ہی روزعید الفطر مناکرمسلمان یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نظر آئیں گے ۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ چاندکی پیدائش ہوگئی ہے لیکن چاند کی عمر 20 گھنٹے 40 منٹ ہو تب ہی دیکھا جاسکے گا، پاکستان کے کسی بھی علاقے میں چاند کی عمر 20 گھنٹے 40 منٹ نہیں ہے۔سابق وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور موجودہ وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ سائنسی شواہد کے مطابق پاکستان میں کہیں بھی چاند نظر نہیں آئے گا اور عید الفطر جمعہ 14 مئی کو ہوگی۔یاد رہے کہ بدھ کو شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں عید الفطر منائی گئی۔نجی ٹی وی کے مطابق شمالی وزیر ستان کے علاقے حسو خیل میں گزشتہ روز کئی افراد نے شوال کے چاند کی رویت کی گواہی دی تھی جس پر شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں عید الفطر منائی گئی۔ شمالی وزیرستان میں چاند نظر آنے سے متعلق گواہی دینے والوں اور بدھ کو عید کا اعلان کرنے پر مقامی جامع مسجد کے امام مولانا فقیر نواز سمیت 7 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے تاہم ابھی تک کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔